کالاباغ ڈیم اورپانی چوری کے خلاف احتجاجی مارچ کا اعلان


حیدرآباد: قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے اعلان کیا ہے کہ کالا باغ ڈیم  اور پانی چوری کے خلاف دس اکتوبر سے دس نومبر تک مختلف شہروں میں احتجاجی مارچ کیے جائیں گے۔

قاسم آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے عوام پر کالاباغ ڈیم کا فیصلہ مسلط کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام لاباغ ڈیم کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ ملک میں سیاسی فیصلے کرنے کا حق صرف عوام کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ پارلیمان اورعدلیہ سے انصاف چاہتے ہیں۔

ایاز لطیف پلیجو نے الزام عائد کیا کہ سندھ  کواس کے حصے کا پانی نہیں دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ارسا پانی معاہدے پرعمل نہیں کرتی وہ کسی پانی منصوبے کی حمایت نہیں کریں گے۔ 

قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ کراچی میں افغانیوں، بنگالیوں اور برمیوں کو شہریت دینے کے فیصلے سے ہاتھ اٹھالیں۔ 

انہوں نے 25 جوالائی کو ہونے والے عام انتخابات کی شفافیت پر بھی تحفضات کا اظہار کیا۔ ان کا الزام تھا کہ نام نہاد الیکشن کے ذریعے من پسند لوگوں کو مسلط کیا گیا ہے۔ 

قومی عوامی تحریک کے صدر کی رائے تھی کہ عوام کی بھی انتخابات سے منسلک امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ 

کرپشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کرپشن سندھ کا سب سے بڑا اشو ہے لیکن سندھ کی پارلیمان کا رویہ اس پرغیر سنجیدہ ہے۔

 


متعلقہ خبریں