پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کی منظوری

تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی ہوگی،وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے پنجاب میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے یہ منظوری ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صدارتی خطاب میں کہا کہ زمینوں پر قبضے اور تجاوزات  کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ قبضہ گروپوں اورتجاوزات کے خلاف آپریشن طاقتور مافیا سے شروع کیا جائے گا جو بلا امتیاز ہوگا۔

شرکائے اجلاس سے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قبضہ مافیا اورتجاوزات کے خلاف ہونے والی مہم ہر صورت میں کامیاب ہونی چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا جب کہ متعلقہ محکمے اورادارے مربوط کوآرڈی نیشن کے تحت مہم کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ آپریشن کے لیے تمام تیاریاں اورضروری انتظامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد علاقوں میں موجود قبضہ مافیا کی نشاندہی کریں، کارروائی ہم کریں گے۔

اجلاس سے خطاب میں سینئر صوبائی وزیربلدیات عبدالعلیم خان نے کہا کہ آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ واگزار کرائی گئی اراضی کو زیر استعمال لانے کے لیے پلان مرتب کیا جائے۔

شرکائے اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید کا کہنا تھا کہ تجاوزات کا خاتمہ عوام کے اپنے مفاد میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کے سیاسی دباؤکو بالائے طاق رکھ کرآپریشن کرنا ہوگا۔

اعلیٰ سطحٰ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو قبضہ مافیا اورتجاوزات کے خلاف شروع کی جانے والی مہم کے بارے میں بریفنگ دی گئی جب کہ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر بلدیات عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید، چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں