اسلام آباد: آٹھ تھانوں میں جونیئر افسران ایس ایچ او تعینات

آئی جی اسلام آباد

اسلام آباد: پولیس میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے بعد جونیئر افسران کو بڑی اوراہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے اس طرح وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی کے احکامات بھی ہوا میں اڑا دیے ہیں۔ 

ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پولیس کے آٹھ من پسند سب انسپکٹرز کو ایس ایچ او شپ سے نواز دیا گیا ہے۔ ایس ایچ او کےلیے انسپکٹر کے منصب کے حامل پولیس افسرکا انتخاب کیا جاتا ہے۔

اطلاع کے مطابق آئی جی اسلام آباد لیفٹیننٹ (ر) جان محمد نے سینکڑوں انسپکٹرز کو نظر انداز کرتے ہوئے آٹھ تھانوں کی باگ دوڑ جونیئر افسران کو ایس ایچ اور تعینات کرکے سونپ دی ہے۔ اسلام آبا د میں 22 تھانے ہیں۔

آئی جی اسلام آباد کے احکامات کے بعد آٹھ تھانوں میں سب انسپکٹرزکو ایس ایچ اوز کا چارج دے دیا گیا ہے۔ جن سب انسپکٹرز نے چارج لیا ہے ان میں عبدالرزاق تھانہ کوہسار، حبیب الرحمن تھانہ کراچی کمپنی، اقبال گجر  تھانہ ترنول،  عالمگیر خان تھانہ نون، لیاقت علی تھانہ کھنہ اور گل فراز تھانہ سہالہ شامل ہیں۔

سب انسپکٹر شبیر تنولی تھانہ سیکرٹیریٹ اورعاشق محمد کو تھانہ بنی گالہ کی ایس ایچ او شپ سے نواز دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے آئی جی اسلام آباد پولیس جان محمد کو سفارشی کلچر ختم کرنے اور نئے انسپکٹرز کو ایس ایچ او لگانے کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں