جھوٹ اور جعلی مینڈیٹ کو ختم کردیں گے، حمزہ شہباز


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد چوروں اور ڈاکووں کو بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ہر دور میں نواز شریف کا سچا سپاہی رہا ہے اورضمنی انتخاب میں انہیں این اے-124 سے کامیاب کرانا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جھوٹ اور جعلی مینڈیٹ کو ہمیشہ کےلیے ختم کر دیں گے۔

انہوں نے این اے- 124  میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے پی ایم ہاؤس کی بھینسوں کی نیلامی کے سوا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ علیم خان جیسے قبضہ گروپ کو وزارت دے دی گئی۔

عمران خان پرتنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خان صاحب جب سے آئے ہیں، یوٹرن ہی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداکاریا اداکارہ ڈھونڈ کر یوٹرن خان فلم بنائی جانی چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ جعلی مینڈیٹ سے بننے والی حکومت ناکام ہوگئی ہے

 حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ایسے شخص کو وزیراعلی بنایا گیا جو قتل کے مقدمے میں ملوث رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کہتے ہیں کہ ووٹ شیر کو دیا تھا لیکن جعلی مینڈیٹ والے آگئے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ نوازشریف نے بھارت کو جواب دیتے ہوئے ایٹمی دھماکے کر کے ملک کا نام روشن کیا جو آج تک کوئی نہ کرسکا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف بول رہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ نیازی صاحب سیاست کو بھی کرکٹ سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اس صوبے کی بہت خدمت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کرسی کا نہیں دلوں کا ہوتا ہے اور نواز شریف آج بھی دلوں کے وزیر اعظم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہیلی کاپٹر کا 55 روپے کرایہ دیکھ لیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختالف حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف ہمیشہ احتساب میں سرخرو ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم نے تین بار شہباز شریف پر کرپشن کا الزام لگایا لیکن ایک پائی کا ثبوت نہیں دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور جعلی مینڈیٹ کو ہمیشہ کےلیے ختم کر دیں گے۔


متعلقہ خبریں