بھارت سے جنگ ہوئی تو ہیرو عمران خان ہوں گے،فیاض الحسن

پنجاب کے وزیر فیاض الحسن چوہان کا قبل از وقت انتخابات کا دعویٰ

فوٹو: فائل


راولپنڈی: صوبائی وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاک فوج اورآئی ایس آئی کی وجہ سے جمہوریت پنپ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم جنگ نہیں چاہتی اورامن کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو یہی پیغام ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ لیکن اگر خدانخواستہ جنگ ہوئی تو عمران خان اس کے بھی ہیرو ہوں گے۔

میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کا وزیراعظم اب وہ نہیں ہے جو آپ کو ساڑیاں اورسیڑھیاں فراہم کرتا تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے کرکٹ میچ میں بھی بھارت کو شکست دی تھی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستانی افواج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہے اور بھارتیوں کو تو رات میں سوتے ہوئے بھی پاکستانی فوج اورآئی ایس آئی کے ڈراؤنے خواب آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف کی حکومتوں میں نیشنل سیکیورٹی سمیت دیگر ادارے تباہ ہوئے۔

پنجاب کے وزیراطلاعات نے کہا کہ بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت را اورآرایس ایس کی تخریب کاریوں کا الزام پاکستان پر لگا دیتا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را مودی کے اشاروں پر ناچ رہی ہے جو گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کا قاتل ہے۔۔

بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہاں 125 کروڑ کی آبادی میں سے 80 کروڑ انسانوں کے لیے ٹائیلٹ تک کی سہولت میسر نہیں ہے۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی جو شرمناک عمل ہے۔

ملکی معیشت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران 36 ارب ڈالرز کا قرضہ لیا گیا جس سے اکانومی تباہ ہو گئی تاہم ان کا دعویٰ تھا کہ آئندہ چھ ماہ سے سال کے اندر ملک کو بحران سے نکال لیں گے۔

صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ  ہمارے خلا ف جھوٹا پروپگنڈہ ہے اور غریب آدمی جانتا ہے کہ پاکستان کے قرضوں میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں کوئی ڈیم نہیں بنا اورڈیم کے لیے سب سے پہلے ہماری تنخواہ کٹی۔

پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں پہلی مرتبہ وفاقی وزیر نے اردو میں تقریر کی اور کلبھوشن، کشمیر و فلسطین پر کھل کر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سرل المیڈا کا معاملہ عدالت میں ہے اور حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

 


متعلقہ خبریں