ہیلی کاپٹر پر بھارتی فائرنگ کے خلاف قرارداد منظور

ہیلی کاپٹر پر بھارتی فائرنگ کے خلاف قرارداد منظور|humnews.pk

اسلام آباد: قومی اسمبلی  میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فائرنگ کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔

قرارداد قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی جانب سے پیش کی گئی جس کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے ایک سویلین ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی جو کسی صورت قابل قبول نہیں، بھارتی افواج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں اضافہ قابل مذمت ہے جبکہ بھارت کی جانب سے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ ریاستی جارحیت ہے۔

اس موقع پر وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا تھا کہ آج حکومت اور اپوزیشن نہیں بلکہ پاکستانی قوم ایک ساتھ  پیغام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم پر حملہ پورے پاکستان پر حملہ ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی حد پار نہ کرے ورنہ بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ

گزشتہ روز وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا ہیلی کاپٹر ضلع حویلی کے قریب گاؤں تروڑی میں غلطی سے لائن آف کنٹرول کے قریب طے شدہ حد عبور کر گیا تاہم غلطی کا احساس ہونے پر پائلٹ نے فوراً ہیلی کاپٹر کا رُخ موڑ لیا۔

ان کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے فائر بھی کیا گیا تاہم وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے اور ہیلی کاپٹر کو بحفاظت ضلع حویلی میں اُتار لیا گیا۔

ہیلی کاپٹر میں موجود وزیر اعظم آزاد کشمیر سمیت عملہ محفوظ رہا۔


متعلقہ خبریں