عمران خان کھلاڑی نہیں بلکہ اناڑی ہیں، حمزہ شہباز

فوٹو: فائل


لاہور:  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ عوام روزانہ کھلاڑی وزیراعظم کی نئی فلم دیکھ رہے ہیں، یہ کھلاڑی نہیں بلکہ اناڑی ہیں۔

لاہور کے حلقہ این اے 124 کے ضمنی انتخاب میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہیلی کاپٹر استعمال کر کے سادگی کا دعوی ہوا کر دیا ہے۔

پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قتل کے مقدمے میں دیت دے کر آنے والے کو وزیراعلی پنجاب جبکہ قبضہ مافیا کے سرغنہ کو سینئر وزیر لگا دیا گیا ہے۔

حمزہ شہبار کا کہنا تھا کہ اگر جھوٹ بولنے کا ورلڈ کپ ہو تو عمران خان ہی جیتیں گے۔

اپنے دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کیے جبکہ موجودہ حکوقت ترقیاتی کاموں کے لیے چندہ مانگ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے تھے اور آج لاہور میں ہر جگہ کوڑے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ میڈیا کو چاہیے کہ عمران خان کے دعووں کی ویڈیوز دکھائے کہ کیسے پشاور میں میٹرو بس کا منصوبہ ناکام ہو گیا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ 14 اکتوبر کو ہماری تاریخی فتح ہو گی، ہم الیکشن میں ووٹوں کی چوری بے نقاب کریں گے۔

نواز شریف آج بھی دلوں کے وزیر اعظم ہیں اور شاہد خاقان عباسی نواز شریف کا سچا سپاہی ہے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس حلقے سے نامزد ہونے پر قیادت کا شکرگزار ہوں، عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ 14 اکتوبر کو شیر کی جیت ہو گی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج نئے پاکستان کا اصل چہرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے، حکومت نے ایک ماہ میں ہی عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا ہے اور وزیر اعظم بھینسیں فروخت کرنے میں مصروف ہیں۔

شاھد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک صرف نواز شریف کی قیادت میں ہی ترقی کر سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں