پیپلز پارٹی اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کرے گی، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کرے گی،بلاول بھٹو|humnews.pk

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری  نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

سید خورشید شاہ کی جانب سے پارٹی ارکان کے اعزاز میں دیے گئےعشائیے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپوزيشن لیڈر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنایا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خود اقوام متحدہ جاتے تو بہتر تھا کیونکہ وزیراعظم بہت سارے عالمی معاملات پر بات کیا کرتے ہیں، انہوں نے ایک اچھا موقع ضائع کر دیا۔

عشائیے میں آنے سے پہلے  بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے پاکستان تحریک انصاف احتساب اور شفافیت سے بھاگ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس کا نام ہی تحریک انصاف ہے وہ خود احتساب کے عمل سے بھاگ رہی ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دی جائے، اس معاملے پر ہمارا موقف واضح ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے عشائیے میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ارکان نے بھی شرکت اور دونوں جماعتوں کے ارکان آپس میں گھل مل گئے۔

سابق اسپیکر ایاز صادق پیپلز پارٹی کے عشائیہ میں پہنچے اور سلیم مانڈوی والا، رضا ربانی اور دیگر ارکان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر سلیم مانڈوی والا نے ایاز صادق سے سوال کیا کہ آپ کیا حکمت عملی بنا رہے ہیں، کچھ ہمیں بھی بتائیں تو ایاز صادق نے جواب دیا کہ  ہمارے پاس کوئی اسٹریٹجی نہیں بلکہ صرف ٹریجڈی ہے۔ اس پر شرکا محفل نے قہقہہ لگایا۔


متعلقہ خبریں