نارتھ ناظم آباد: دکان میں گیس کا دھماکہ، دو افراد زخمی


کراچی: نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں موجود دکان میں گیس بھرنے سے زور دار دھماکا ہوا، جس کے باعث دو افراد زخمی ہوگئے۔

کزشتہ رات نارتھ ناظم میں رینجرز ہیڈکواٹرکے سامنے ایک فاسٹ فوڈ کی دکان میں زورداردھماکہ ہوا جس کے باعث دکان میں آگ بھڑک اٹھی، واقعے کی اطلاع  ملتے ہی دکان کا مالک بھی موقع پر پہنچ  گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، دھماکے سے قریبی دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔

ایس ایج او تھانہ نارتھ ناظم آباد محمد اقبال کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ فاسٹ فوڈ کی دکان میں موجود سیلنڈر سے گیس لیک ہونے کے باعث ہوا، زور دار دھماکے سے دکان میں موجود تمام سامان روڈ پر بکھر گیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق دھماکے میں دو راہ  گیر زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم دھماکے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دھماکے کے بعد رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ، رینجرز اور پولیس نے واقعے میں کسی بھی قسم کی تخریب کاری کو رد کر دیا۔


متعلقہ خبریں