ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: احتساب عدالت نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کو علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔

منگل کے روز کراچی کی احتساب عدالت میں ڈاکٹرعاصم کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔  پیپلزپارٹی رہنما کی طبیعت سے متعلق سرجن نے رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیا کہ مریض بیمار ہیں اور انہیں علاج کی سخت ضرورت ہے۔

عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں دو اکتوبر سے 30 اکتوبر تک بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم حسین و دیگر کے خلاف احتساب عدالت میں 17 ارب روپے کرپشن ریفرنس زیر سماعت ہے۔

ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف مقدمات

ڈاکٹر عاصم حسین 2009 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر سندھ سے سینیٹر منتخب ہوئے، انھوں نے 2012 تک وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل اور وزیراعظم کے مشیر برائے پیٹرولیم کے فرائض انجام دیئے۔

ڈاکٹر عاصم حسین 2012 میں سینیٹ سے اُس وقت مستعفیٰ ہو گئے تھے جب سپریم کورٹ نے دہری شہریت پر اراکین پارلیمنٹ کو نااہل قرار دیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کینیڈا کی بھی شہریت تھی۔

پیپلز پارٹی نے 2013 کے عام انتخابات کے بعد انہیں سندھ کے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔

ڈاکٹر عاصم حسین کو 26 اگست 2015 کو اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

27 اگست کو رینجرز نے انہیں دہشت گردوں کے علاج کے الزام میں کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرکے 90 روز کا ریمانڈ حاصل کیا تھا۔

29 اگست کو رینجرز نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سندھ کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کی میڈیکل رپورٹ پیش کی تھی جس میں ان کو صحت مند قرار دیا گیا تھا۔

ریمانڈ کے دوران ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے سپریم کورٹ میں بھی بیماری کے باعث جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست دائر کی گئی، تاہم ڈاکٹرز کی رپورٹ میں انھیں صحت مند قرار دیئے جانے کے باعث عدالت نے ان کی یہ درخواست مسترد کردی تھی۔

ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن، دہشت گردوں کی مالی معاونت اور ان کے علاج کے الزامات پر کراچی کے نارتھ ناظم آباد تھانے میں انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

رینجرز کا ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد نیب نے کرپشن کے مختلف الزامات کے تحت ڈاکٹر عاصم حسین کو حراست میں لیا تھا اور ان کے خلاف اربوں روپے کرپشن کے دو ریفرنسز بھی دائر کیے گئے تھے۔

احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن اور جامشورو جوائنٹ وینچر میں 17 ارب کی کرپشن کے دو ریفرنسز دائر تھے۔


متعلقہ خبریں