مسلم لیگ ن دو ماہ میں دوبارہ حکومت بنائے گی، رانا مشہود


لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ن لیگ کے معاملات ٹھیک ہو گئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے وزیراعظم نہ بننے پر افسوس ہے۔

اسی حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے معاملات ٹھیک کرنے میں شہبازشریف نے اہم کردار ادا کیا۔

ملکی اداروں کی اہمیت کے حوالے سے رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ یہ ادارے اپنے ہیں اور ان کی عزت کرنا سب پر لازم ہے۔ اداروں کے تھنک ٹینک کو معاملات کا ادراک ہو گیا ہے۔

پارٹی کی حکومت میں واپسی کے حوالے سے رانا مشہود نے بتایا کہ مسلم لیگ ن 2 ماہ میں دوبارہ حکومت بنائے گی لیکن حالات بہتر ہونے تک سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کا رویہ سخت ہی رہے گا۔

رانا مشہود کے اس بیان کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے جس کا مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ رانا مشہود سے ان کے اس بیان پر جواب طلب کیا جا رہا ہے۔ ان کا بیان قابل حیرت اور باعث تعجب ہے۔


متعلقہ خبریں