رانا مشہود کا بیان بےبنیاد اور افسوسناک ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر


راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے رانا مشہود کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان بے بنیاد اور غیرذمہ دارانہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اس قسم کے غیرذمہ دارانہ بیانات ملکی استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔

رانا مشہود کا بیان

رانا مشہود نے ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ مقتدر اداروں کے ساتھ  ن لیگ کے معاملات ٹھیک ہو گئے ہیں اور ان اداروں کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے وزیراعظم نہ بننے پر افسوس ہے۔

انہوں نے یہ دعوی بھی کیا تھا کہ مسلم لیگ ن 2 ماہ میں دوبارہ حکومت بنائے گی لیکن حالات بہتر ہونے تک سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کا رویہ سخت ہی رہے گا۔

مریم اورنگ زیب کا ردعمل

رانا مشہود کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے جس کا مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ رانا مشہود سے ان کے اس بیان پر جواب طلب کیا جا رہا ہے۔ ان کا بیان قابل حیرت اور باعث تعجب ہے۔


متعلقہ خبریں