اکاؤنٹس بحالی کیس: فیصلہ سپریم کورٹ کی اجازت سے مشروط

عدالت کا نیب کو اومنی گروپ کے مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم

فائل: فوٹو


کراچی: کراچی کی بینکنگ عدالت نے اربوں روپے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں اومنی گروپ کے 19 اداروں کے منجمد بینک اکاؤنٹس کی بحالی کی درخواست پر فیصلہ سپریم کورٹ کی اجازت سے مشروط کردیا۔

بینک اکاؤنٹس بحالی سے متعلق اومنی گروپ کی درخواست پر کراچی کی بینکنگ عدالت نے اپنا فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے بینک اکاؤنٹس بحالی سے متعلق درخواست  کے بارے میں سپریم کورٹ کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

عدالت نے اپنے آفس کو اکاؤنٹس بحالی کی درخواست سے متعلق سپریم کورٹ کو اطلاعی رپورٹ بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے بینک اکاؤنٹس بحالی کی درخواست کی سماعت سے متعلق سپریم کورٹ سے رائے مانگ لی۔

عدالت نے سپریم کورٹ کے اگلے حکم تک درخواست نہ سننے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

اومنی گروپ نے منجمد کیے گئے اکاؤنٹس بحال کرنے کے لیے کراچی کی بینکنگ کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

اومنی گروپ کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی ہدایت پر اومنی گروپ کے 19 اداروں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے جب کہ گروپ کے 19 اداروں کے بینک اکاؤنٹس میں 33 کروڑ سے زائد رقوم موجود ہیں۔

گروپ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بینک اکاؤنٹس منجمد ہونے سے اومنی گروپ کے ادارے مالی بحران کا شکار ہوگئے ہیں۔ ایف آئی اے کی ہدایت پر نیشنل بینک، سمٹ بینک اور سندھ بینک نے اکاؤنٹس منجمد کیے ہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ منجمد شدہ اکاؤنٹس کا تعلق اداروں کے مالی لین دین سے ہے جس کی وجہ سے مذکورہ اداروں کی کروڑوں کی ادائیگیاں اور وصولیاں رک گئی ہیں عدالت ایف آئی اے کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی ہدایت دے۔

ایف آئی اے نے ایف انصاری شوگرملز، چیمبر شوگرمل، ٹنڈو اللہ یار شوگر ملز، سجاول اینگرو فارمز، پاک ایتھنول پرائیوٹ لمیٹڈ، اومنی پولیمر پیکچر، اومنی پرائیوٹ لمیٹڈ، خوصکی شوگر ملز، لار شوگر ملز، اومنی ایسوسی ایشن، دادو انرجی، شکار پور پاور، اومنی ویلفیئر فاؤنڈیشن، انصاری شوگر ملز، ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ ٹرسٹ، خوصکی شوگر ملز اور وین گارڈ شوگر ملز کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے تھے۔


متعلقہ خبریں