زلفی بخاری کا اپنی تنخواہ ڈیم فنڈز میں دینے کا اعلان


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے مشیر زلفی بخاری نے اپنی تنخواہ ڈیم فنڈز میں دینے کا اعلان کر دیا۔

زلفی بخاری نے کہا ہے کہ وہ اپنے عہدے کی مدت ختم ہونے تک تنخواہ ڈیم فنڈز میں دیتے رہیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھی گزشتہ ماہ پوری ٹیم کی جانب سے ڈیم فنڈز میں 32 لاکھ روپے جمع کرانے کا اعلان کیا تھا جب کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے بھی ایک سال کی تنخواہ ڈیم فنڈز میں دینے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

پنجاب کابینہ کی جانب سے بھی گزشتہ ماہ ایک ماہ کی تنخواہ ڈیم فنڈز میں دینے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ ملک بھر میں ڈیم فنڈز کے لیے فنڈز جمع کرائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان میں ڈیم نہ بنے تو قحط کا خطرہ ہے۔ وزیراعظم نے قوم سے امداد کی اپیل بھی کی تھی۔

پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت پر ’دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم‘ کے نام سے اکاؤنٹ کھولا گیا جس میں پاکستانی اور دیگر ملکوں کے ڈونرز بھی رقوم  جمع کرا رہے ہیں۔

جسٹس ثاقب نثار نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں دس لاکھ روپے جمع کرائے جب کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے ڈیم کی تعمیر کے لیے 15، 15 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

پاک فوج نے بھی ڈیمز کی تعمیر میں حصہ ڈالنے کے لیے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تینوں افواج کے افسران اپنی دو دن اور فوجی جوان ایک دن کی تنخواہ جمع کرائیں گے۔


متعلقہ خبریں