نوجوانوں کو روزگار دینا اولین ترجیح ہے، عمران خان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ہنر سکھانے اور انہیں باعزت روزگار کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وہ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نیوٹیک ذولفقار احمد چیمہ سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے انہیں نیوٹیک کے جاری منصوبوں کے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے احکامات دیے کہ سی پیک سے متعلقہ شعبوں میں ٹریننگ کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹریننگ فراہم کی جائے اورٹریننگ میں ان شعبوں پر زیادہ توجہ دی جائے جن کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ڈیمانڈ (مانگ) ہے۔

نیو ٹیک کے ایگزیکٹیو سے  وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر کی فراہمی سے بیروزگاری وغربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ اور ایکسپو کے ذریعے پیدا ہونے والی ملازمتوں کے لئے پاکستانی ہنر مندوں کو تیار کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع میسرآسکیں۔

پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے گزشتہ دنوں نیویارک میں ملاقات کے دوران ان کے قطری ہم منصب محمد بن عبدالرحمان نے ملاقات کے دوران ایک لاکھ ہنر مند پاکستانیوں کے لیے ملازمت دینے کی پیشکش کی تھی۔

قطر اورپاکستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مشترکہ مفادات کے فروغ اور تعاون پر اتفاق رائے بھی کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں