کینیڈا کے وزیراعظم کی پاکستانی کمیونٹی کے عشائیے میں شرکت


اوٹاوا: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ کینیڈا کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار قابل تعریف ہے، امید ہے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

انہوں نے یہ بات کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عشائیے میں کہی جہاں وہ پاکستانیوں کے ساتھ مل بیٹھے اور پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کے بارے میں اظہار خیال کیا۔

عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ منفی سیاست اور خوف کے خلاف وہ ان کا ساتھ دیں۔

کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں نے کینیڈا کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پاکستان کے ساتھ کینیڈا کا رشتہ لازوال ہے۔

عشائیے میں شرکت پر پاکستانی کمیونٹی نے جسٹن ٹروڈو کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر تمام لوگوں نے تقریب کی خوشگوار یادیں ساتھ لے جانے کے لیے کینیڈین وزیراعظم کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔

اس سے قبل پاکستان کے 72ویں یوم آزادی کے موقع پر کینیڈین وزیراعظم نے پاکستانی عوام کے لیے جو خاص پیغام بھیجا اس میں ان کا کہنا تھا کہ 1947 میں کینیڈا وہ پہلا ملک تھا جس نے  پاکستان کے ساتھ  سفارتی تعلقات قائم کیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ 1947 سے لے کر آج تک دونوں ممالک میں قائم  باہمی روابط نہ صرف پہلے کی طرح مثبت ہیں بلکہ مزید مضبوط ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں