ن لیگ اور پی پی کا ضمنی انتخاب مل کر لڑنے پر اتفاق


اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینے کے لیے مل کرلڑنے اور مشترکہ امیدوار سامنے لانے پر اتفاق کرلیا ہے۔

اس بات کا اعلان پی پی پی اور پی ایم ایل (ن) کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پی پی پی کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ نیر حسین بخاری نے کہا کہ دونوں جماعتوں کی قیادت کی اجازت سے اس فیصلے پر پہنچے ہیں کہ دونوں جماعتیں مشترکہ امیدواروں کو سپورٹ کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں دیگر جماعتوں سے بھی رابطے ہورہے ہیں۔

پی پی پی پنجاب کے صدر قمرالزماں کائرہ نے کہا کہ کراچی کے اندر پاکستان مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو سپورٹ کرے گی۔

پنجاب کے سابق وزیرقانون رانا ثنااللہ نے کہا کہ ن لیگ سندھ کے تمام حلقوں میں پیپلزپارٹی کو سپورٹ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم میں دونوں جماعتوں کے رہنما بھی شریک ہوں گے۔

ایک سوال پران کا کہنا تھاکہ تاند لیا نوالہ کے علاوہ باقی تمام حلقوں میں ایک دوسرے کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں بھی شریک ہوں گے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کو ضمنی انتٓخابات میں ٹف ٹائم دینے کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سرجوڑ کر بیٹھ گئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اورپاکستان پیپلزپارٹی کی نمائندگی  سردارایاز صادق، رانا ثنااللہ، طارق فضل چوہدری، نیر بخاری، راجہ پرویز اشرف، ، سید خورشید شاہ اور قمرالزمان کائرہ کررہے تھے۔


متعلقہ خبریں