ایئر چیف مارشل کا ڈیمز فنڈ کے لیے 10 کروڑ کا عطیہ


اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پاکستان ایئرفورس (پی اے ایف) کپملیکس اسلام آباد کا دورہ کیا، اس موقع پر ایئر چیف مارشل نے چیف جسٹس کوڈیمز فنڈ کے لیے دس کروڑ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔

سپریم کورٹ کے ترجمان کے مطابق چیف جسٹس نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی درخواست پر پی اے ایف کپملیکس کا دورہ کیا۔ جسٹس ثاقب نثار نے ایئرفورس افسروں کو ملک میں عدلیہ کے کردار پر لیکچر بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایئرچیف مارشل نے نہ صرف چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ڈیمز کی تعمیر کے لیے اقدامات کو سراہا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ایئرفورس کی طرف سے ڈیمزفنڈ میں عطیہ دیا۔

سپریم کورٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ چیک دیامر اور مہمند ڈیمز فنڈ کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 10 ستمبر 2018 کو آرمی چیف کے سربراہ جنرل قمر باجوہ نے چیف جسٹس سے ملاقات کے دوران پاک فوج کی جانب سے ایک ارب 59 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

اس کے علاوہ جنرل قمر باجوہ نے چیف جسٹس کو ایک مراسلے میں پاک فوج کے تمام افسران کی جانب سے دو دن جبکہ سپاہیوں کی طرف سے ایک دن کی تنخواہ ڈیمز فنڈ میں جمع کرانے کی تصدیق بھی کی۔


متعلقہ خبریں