وفاقی کابینہ نے پاک سعودی معاہدے کی منظوری دے دی



اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ ترکی کے تعاون سے اسلام آباد میں یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔

جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری اور وزیرپیٹرولیم غلام سرور نے کابینہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

میڈیا بریفنگ کے دوران فوادچودھری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے آئل اور گیس کی مد میں معاملات طے ہوگئے ہیں۔ برادر اسلامی ملک آئل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے گا۔ متحدہ عرب امارات بھی سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چین اور سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ کابینہ اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب میں معاہدے کی منظوری دی گئی۔

سرکاری اداروں کے سربراہ برطرف

کابینہ کے فیصلوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیشنل بینک، صدر فرسٹ وومن بینک، صدر زرعی ترقیاتی بینک، صدر ایس ایم ای بینک، مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن اور دو ارکان کو بھی عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔

اہم اداروں کے سربراہوں کی تبدیلی کا پس منظر بیان کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ اسحاق ڈار نےغیر قانونی تعیناتیاں کیں۔

فواد چودھری نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم ہاوس کو یونیورسٹی بنانے کا فریم ورک پیش کیا گیا، فریم ورک کےلیےکمیٹی بنائی گئی ہے جس میں شفقت محمود، عبدالرزاق، شیریں مزاری اور دیگر شامل ہیں۔

گاڑیوں اور بھینسوں کی فروخت سے 18 کروڑ 23 لاکھ آمدن

کفایت شعاری کی پالیسی کے تحت اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ گاڑیوں کی فروخت سے 18 کروڑ اور بھینسوں سے23 لاکھ روپے کی آمدن ہوئی، وزیراعظم ہاؤس کے ملازمین کی تعداد 528 سے کم ہو کر چار ہو گئی ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان میں پینشن کا بجٹ ایک ارب سے زائد ہو گیا ہے، گزشتہ حکومتوں نے اپنے رشتہ داروں کو اداروں میں تعینات کیا، وزیراعظم بڑی اصلاحات لانے کےحامی ہیں۔

وزیراطلاعات نے بتایا کہ ملک میں دو ہزار467 جائیدادیں وفاق اور صوبوں کی ہیں، جائیدادوں کے لیے پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی بنائی ہے۔

یونیورسٹی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ترکی اسلام آباد میں یونیورسٹی بنائے گا۔

سعودی عرب گوادر میں ریفائنری بنائے گا

میڈیا بریفنگ کے دوران وزیرپٹرولیم کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم نے سعودی عرب کا دورہ کیا، تاثر دیا جا رہا تھا کہ ہم سعودی عرب سےچندہ لینے گئے ہیں۔ سعودی عرب پاور،پٹرولیم اوردیگرسیکٹرز میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری کےلیے حامی بھری، ریفائنری پرسرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ پٹرولیم ریفائنری کے لیے دونوں حکومتوں میں معاہدہ ہو گا، ریفائنری کےلیے گوادر میں اراضی کا تعین کرلیا گیا ہے۔

سی پیک میں سعودی شمولیت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کو سعودی عرب کی سرمایہ کاری میں کوئی اعتراض نہیں، کوئی بھی ملک سرمایہ کاری کرنا چاہے ہم استقبال کریں گے۔

غلام سرورخان کے مطابق سعودی حکام نے کہا آپ ایک قدم آگے بڑھیں ہم دو قدم بڑھیں گے۔

13 ستمبر کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں حکومتی اخراجات میں کمی سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں وزارت کیڈ کو ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں