پنجاب کے اسکولز میں حفاظتی انتظامات ناقص قرار


لاہور: پنجاب پولیس کی اسپیشل برانچ نے اپنی رپورٹ میں نشاندہی کی ہے کہ صوبہ بھر کے اسکولوں میں سیکیورٹی انتظامات ناقص ہیں۔

اسپیشل برانچ کی رپورٹ نے پنجاب بھر میں اے پلس کیٹیگری کے اسکولوں میں سیکیورٹی کے انتظامات کا بھانڈہ پھوڑا تو حکومت بھی حرکت میں آگئی۔ صوبائی حکومت نے ضلعی سطح پر متعلقہ چیف ایگزیکٹیو آفیسرز کو خامیاں دور کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں اے پلس کیٹیگری کے اسکولوں میں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی، سرگودھا، ساہیوال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کسی بھی اسکول کے باہر پیٹرولنگ کا انتظام نہیں دیکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور میں ایک، گوجرانوالہ میں چار اور شیخوپورہ میں پانچ فیصد اے پلس اسکولوں کے باہر پیٹرولنگ ہوئی جب کہ راولپنڈی، فیصل آباد اور ساہیوال کے کسی اسکول میں ممکنہ دہشت گردی کے بچاؤ کی ایک بھی موک ایکسرسائز نہیں ہوئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس جولائی میں 15 اسکولوں کے باہر بیرونی دیوار ہی نہیں پائی گئی۔ جولائی میں ہی تین اسکولوں کے باہر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نہیں تھے رواں برس اگست میں 254 سکولوں کے باہر واک تھرو گیٹ اور دو میں میٹل ڈٹیکٹر نہیں پائے گئے۔

اسکولوں میں حفاظتی انتظامات سے متعلق رپورٹ نے نشاندہی کی ہے کہ رواں برس جولائی میں 192 اور اگست میں 206 اسکولوں میں گاڑیوں کو چیک کرنے کا نظام ہی نہیں تھا۔

اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے بعد صوبائی حکومت نے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز برائے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کو خامیاں دور کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ماضی میں حکومت نے دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمنٹنے کے لیے اسکولوں کی انتظامیہ کو سیکیورٹی اقدامات بہتر کرنے کی ہدات کی تھی۔


متعلقہ خبریں