بھارت کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے، دفتر خارجہ


اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کررہا ہے۔

دفترخارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان مذاکرات کیلئے بھارت کو منا نہیں رہا بلکہ بھارت کی جانب سے پہلا خط آیا تھا۔  ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا  پاکستان پرامن ہمسائیگی کا داعی ہے اور اس حوالے سے کوشش کرتا رہے گا ۔

ترجمان نے کہا کہ کرتار پورہ بارڈر تب ہی کھل سکتا ہے جب بھارت سے  مذاکرات ہوں۔ ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں امن کےلئے انتہائی ضروری ہے۔

پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کیساتھ مذاکرات مثبت سمت میں چل رہے ہیں، اسی وجہ سے امریکی سیکٹری خارجہ سے ایک مہینے میں دوسری ملاقات ہوئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے ) میں کلبوشن کا مقدمہ لڑنے کے لیے پاکستان پوری طرح تیار ہے، کیس کی سماعت 18 فروری کو ہوگی۔

ڈاکٹر فیصل کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات درست سمت میں چل رہے ہیں.

شکیل آفریدی کا معاملہ

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ شکیل آفریدی کے معاملے پر پاکستانی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکہ میں شکیل آفریدی کے معاملہ پر بات چیت کا عندیہ دیا تھا تاہم ترجمان نے پاکستان کی اس معاملہ میں پالیسی واضح کردی۔ وزیرخارجہ نے امریکہ میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ شکیل آفریدی پر بات چیت کے لئے دروازے کھلے ہیں۔

بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مالدیپ کے صدر کو فون کر کے الیکشن جیتنے کی مبارکباد دے دی جبکہ جرمن چانسلر نے وزیراعظم کوفون کرکے الیکشن جیتنے کی مبارکباد دی۔

ترجمان نے وزیرخارجہ کے دورہ امریکہ کے بارے میں کہا کہ وزیر خارجہ اقوام متحدہ میں پاکستانی وفد کی قیادت کی، وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ قومی وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے سائیڈ لائن پرنیپالی، جاپانی، قطری اور دیگر وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کی۔

ان کا کہنا تھآ کہ شاہ محمود قریشی نے عالمی بینک کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔


متعلقہ خبریں