حکومت یو ٹرن وزارت قائم کرلے، نفیسہ شاہ

فردوس عاشق اعوان فٹبال کھیلتی ہیں تو کورونا نہیں ہوتا ہے؟نفیسہ شاہ

فائل: فوٹو


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئ کہا ہے کہ حکومت کے پچاس دن یوٹرن کا ڈرامہ ثابت ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 50 دن میں اتنے یوٹرن لیے ہیں کہ گنتی مشکل ہوگئی ہے۔

پی پی پی پی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ کامیڈی آف ایررز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک وزیر کہتا ہے اور دوسرا اس کی تردید کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی اے سی کے معاملے پر حکومت بدترین یو ٹرن لے رہی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ حکومت یوٹرن کی ایک وزارت قائم کرلے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن وزیر اطلاعات کہتے ہیں کہ سعودی عرب کو سی پیک میں شامل کرتے ہیں تو دوسرے دن وزیر منصوبہ بندی اس کی تردید کردیتے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ کل موجودہ حکومت کے 50 دن پورے ہوجائیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزارت اطلاعات وزارت گالی بن گئی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئی ایم ایف پر دھیرے دھیرے یو ٹرن لیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بجٹ نہیں فنانس بل پاس ہوا ہے کیونکہ بجٹ تو (ن) لیگ کا ہی چل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے (ن) لیگ کے بجٹ پر اصولی اعتراض اٹھائے تھے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ 50 دن میں وزیراعظم نے کراچی کا صرف ایک دورہ کیا ہے، جنوبی پنجاب کی ٹاسک فورس کی میٹنگ ابھی تک نہیں ہوئی ہے اور ابھی تک چار میں سے ایک بھی سیاحتی مقام کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انقلاب صرف مہنگائی میں آیا ہے، باقی کہیں کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ ابھی تک حکومت کنٹینر پرہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کنٹینر ذہنیت ختم نہیں ہوئی ہے۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب سے کیا ملا ؟کچھ بھی نہیں بتایا گیا ہے۔

صحافت سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا دعویٰ تھا کہ وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں آصف علی زرداری دور کی تعریف دراصل اپوزیشن کو تقسیم کرنے کے لئے کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں