چیف سیکرٹری کی کراچی کے تمام پارکس بحال کرنے کی ہدایت


کراچی: چیف سیکریٹری سندھ سید ممتازعلی شاہ نے کراچی کے تمام پارکس سے تجاوزات ختم کر کے انہیں بحال کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

سید ممتازعلی شاہ کی زیر صدارت سندھ سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا جس میں کراچی کے تمام پارکس سے ہر قسم کی تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر کراچی صالح احمد فاروقی، سیکرٹری ثقافت اکبر لغاری ، سیکرٹری بلدیات، ڈی جی کے ڈی اے، ڈائریکٹر پارکس اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری سندھ نے کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو حکم دیا ہے کہ  تین روز میں شہر کے پارکس سے تجاوزات ختم کر کے اس حوالے سے مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔

سید ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم سی، کے ڈی اے، کنٹونمنٹ بورڈ اور مختلف سوسائٹیوں کے پارکس کی جیو ٹیک کرائی جائے گی۔ اس کے علاوہ شہر کے پارکس کی بحالی کے لیے میگا منصوبہ  بھی بنایا جائے گا جس میں صوبائی حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت سے بھی مدد حاصل کی جائے گی۔

کمشنر کراچی صالح احمد فاروقی نے اجلاس کو تجاوزات کے خلاف کی گئی کارروائیوں سے متعلق آگاہی د ی جبکہ ڈی آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ تجاوزات ہٹانے کے لیے پولیس ہر قسم کی معاونت کے لیے تیار ہے۔


متعلقہ خبریں