پاکستانی فلم ‘پرواز ہے جنون’ کی سعودی عرب میں اڑان


اسلام آباد: مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے بینر تلے پاک فضائیہ کے اشتراک سے بننے والی فلم ’پرواز ہے جنون‘ کو 11 اکتوبر کو سعودی عرب کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں تصدیق کی ہے کہ فلم ’پرواز ہے جنون‘ پاکستان کی پہلی کمرشل فلم ہے جو سعودی عرب میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پرواز ہے جنون‘ کے بعد باقی پاکستانی فلموں کو بھی سعودیہ عرب میں نمائش کا موقع دیا جائے گا۔

ہم فلمز کی پشکش ’پرواز ہے جنون‘

مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی اردو فیچر فلم ’پرواز ہے جنون‘ ریلیز ہوتے ہی پاکستان کے سینما گھروں میں چھا گئی تھی۔

فلم کے شائقین نے نا صرف فلم کے موضوع کو سراہا بلکہ  فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے تمام فنکاروں کی تعریف بھی کی۔

بہترین اداکار،جاندار اداکاری

فلم میں موجود اداکاروں نے فلم کو چار چاند لگائے، فلم کے مرکزی اداکاروں میں شامل حمزہ علی عباسی، خوبصورت ہانیہ عامر اور اداکاری کے ماہر احد رضا میر اپنے کرداروں کے ساتھ خوب انصاف کرتے دکھائی دیے اور شائقین سے بھی خوب داد وصول کی۔

فلم کے خوبصورت مناظر اور موسیقی

فلم کو اسلام آباد اور کشمیر کے خوبصورت مقامات پر فلمایا گیا ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں، مداحوں نے فلم کو خوب پذیرائی عطا کی ہے، کچھ لوگوں کو فلم کے کی موسیقی سے لگاؤ ہوگیا تو کچھ لوگ پاک فضائیہ کی جدوجہد کے مناظر دیکھ کر جذباتی ہوئے۔

’پرواز ہے جنون‘ کا اعزاز

پاک فضائیہ کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی فلم  ’پرواز ہے جنون‘  نے دفاع وطن کے موضوع پر اب تک بنائی گئی تمام فلموں میں سے منفرد فلم کا اعزاز بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔

مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کا یہ شاہکار اب عرب دنیا کو اپنے سحر میں گرفتار کرنے کو تیار ہے۔


متعلقہ خبریں