یہ آغاز ہے، مزید بڑی گرفتاریاں بھی ہوں گے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کو بارش کی پہلی بوند قرار دے دیا۔

انہوں نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کام تو بہت پہلے ہوجانا چاہئے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری تو شروعات ہے، مزید بڑی گرفتاریاں ہونے والی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت احتساب کے معاملے میں غیر جانبدار ہے، اگر نیب اور دیگر اداروں کو حکومت سے انتظامی مدد درکار ہوئی تو ہم بھرپور مدد کریں گے۔

’شہباز شریف کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے‘

اس حوالے سے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے نواز لیگ کے رہنما محسن رانجھا کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کو پنجاب میں ضمنی الیکشن ہرانے کے لیے حکومت نے یہ ‘ڈرامہ رچایا ہے’ کیوںکہ انہیں پنجاب میں اپنی حکومت جاتی ہوئی نظر آرہی تھی۔

اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ اسکینڈل کیس میں شہباز شریف کو گرفتار کیا تھا۔

نیب کے مطابق شہباز شریف کے خلاف ناقابل تردید شواہد ملے ہیں، وہ اپنے بیانات سے نیب حکام کو مطمئن نہیں کرسکے۔


متعلقہ خبریں