پاکستانیوں کی بیرون ملک 10 ہزار جائیدادیں سامنے آ گئیں

بیرون ملک پاکستانیوں کی 10 ہزاد جائیدادیں سامنے آ گئیں

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی 10 ہزار جائیدادوں کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات موجود تھیں لیکن اس حوالے سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی، اب ان اثاثوں کی واپسی کے لیے ٹاسک کمیٹی کے ممبران کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک اثاثے رکھنے والے 300 افراد کی فہرست تیار کر لی گئی ہے، بے نامی اکاؤنٹس میں رقم منتقلی کی معلومات بھی مل رہی ہیں۔ ریڑھی بان اورفالودہ بیچنے والوں کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے نکلے۔

منی لانڈرنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے، منی لانڈرنگ کے قانون کو مزید سخت کریں گے، ایف آئی اے، ایف بی آر اور دیگر اداروں کو متحرک کیا گیا ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ اسحاق ڈار نے سوئس اکاؤنٹس سے متعلق کارروائی پر عمل درآمد نہیں ہونے دیا، سوئس حکومت کے ساتھ بھی ہماری بات ہوئی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنا حکومتی پالیسی کے تین بنیادی ستون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پوری طرح متحرک ہے، ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے والے 157 افراد کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں، قبضہ مافیا کے خلاف بھی آپریشن جاری ہے جس سے سی ڈی اے کو 35 ہزار کنال کا فائدہ ہوا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے 35 کروڑ کا سرکاری جہاز استعمال کیا، انہیں اس رقم کی واپسی کا نوٹس جاری کیا جائے گا جبکہ مشاہد اللہ نے اپنے علاج پر جو 54 ہزار پاؤنڈ خرچ کیے ہیں، وہ انہیں واپس کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے احتساب کے بغیر ملک آگے نہیں چل سکتا، پی آئی اے میں ترقیوں کے حوالے سے بھی محکمانہ انکوائری ہو گی۔


متعلقہ خبریں