شہباز شریف کی گرفتاری سیاسی انتقام نہیں، راجہ عامر عباس



اسلام آباد: ماہر قانون راجہ عامر عباس نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری میں سیاسی انتقام والی کوئی بات نہیں ہے، یہ تمام مقدمات گذشتہ برس سے ہی چل رہے تھے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب وارنٹ جاری کیے بغیر کسی کو گرفتار نہیں کر سکتا، شہباز شریف کی گرفتاری سے پہلے ان کے وارنٹس جاری کیے گئے تھے۔

راجہ عامر عباس کا کہنا تھا کہ ابھی تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہے، ابھی اور بہت کچھ باقی ہے۔

پروگرام میں شریک سابق ڈائریکٹر جنرل فائنانشل کرائمز نیب حارث نواز نے کہا کہ چونکہ تمام ثبوت مل چکے تھے اس لیے شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فواد حسن فواد نے بہت کچھ بتا دیا ہے، اس طرح کے مقدمات کو جلدی حل کرنا چاہیے، ان میں جتنی بھی تاخیر ہو گی اتنا ہی غلط ہوتا ہے۔

معروف تجزیہ کار مشرف زیدی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بہت کچھ تعمیر کیا ہے لیکن عمران خان نے نوجوانوں کے دل میں میٹرو بس جیسے منصوبوں کے لیے نفرت پیدا کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی کام کرنے سے پہلے قومی احتساب بیورو (نیب) کی رکاوٹوں سے گزرنا پڑتا ہے۔

مشرف زیدی کا کہنا تھا کہ عوام میں نواز فیملی کے لیے حمایت بھی موجود ہے اور مخالفت بھی۔

نیوزلائن میں شریک تجزیہ کار اویس توحید کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل بہت ضروری ہے لیکن یہ بہت نازک معاملہ ہے، عمران خان کو بہت احتیاط سے چلنا ہو گا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عمران خان اپنا تمام تر فوکس احتساب پر رکھیں گے؟

اویس توحید کے مطابق اس وقت پاکستان تحریک انصاف کے تمام وزرا صرف احتساب کے پیچھے لگے ہوئے ہیں، انہیں کچھ اور کام بھی کرنا چاہیے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ عوام کے لیے اور کچھ بھی نہ کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا، یہ لوگ اندھا اعتماد کرتے ہیں اور بعد میں نقصان اٹھاتے ہیں۔

تجزیہ کار اویس توحید کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں خواجہ سعد رفیق کو بھی حراست میں لیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں