ورلڈکپ 2019 کی ٹرافی کی راولپنڈی میں رونمائی


راولپنڈی: راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی جس میں عظیم کرکٹر عبدالقادر نے شرکت کی۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور صرف مخصوص لوگوں کو ہی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی جس کی وجہ سے عام شہری ٹرافی دیکھنے سے محروم رہے۔

ہم نیوز کے مطابق ٹرافی کل شام تک جڑواں شہروں میں رہے گی، اس دوران اسلام آباد کے مختلف تفریحی  مقامات فیصل مسجد، پیر سوہاوہ اور نیشنل مانیومنٹ میں بھی ٹرافی کی رونمائی کی جائے گی، کل شام کو اسے کراچی روانہ کر دیا جائے گا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹرافی پاکستان میں 8 اکتوبر تک قیام کرے گی، اس کا اگلا پڑاؤ بنگلہ دیش ہو گا۔

اس موقر پر سابق ٹیسٹ کرکٹر عبد القادر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت پر امید ہوں کہ پاکستان انگلینڈ میں ورلڈ کپ جیتے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں 1987 کرکٹ ورلڈ کپ کی اچھی یادوں سے جڑا ہوں، میرے دور میں دنیا کے بہترین کرکٹرز ایکشن میں تھے۔

وزیراعظم عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے ایک زبردست کپتان رہے ہیں۔ ان کے وزیر اعظم بننے سے امید ہے کہ وہ کرکٹ کے لیے بہتر فیصلے کریں گے۔

عبدالقادر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لوگ کرکٹ سے عشق کرتے ہیں، ورلڈ کپ میں نوجوان کھلاڑی جذبے کے ساتھ کھیلیں تو ضرور کامیاب ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان میں ہی آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہرکرکٹر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ورلڈ کپ کا ایونٹ کھیلے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہے تھا مگر پاکستان ٹیم اچھا کھیل پیش نہیں کر سکی۔ 2019 میں زیادہ تجربے نہ کیے تو پاکستان ورلڈ کپ جیت سکتا ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ دبئی کی پچ ورلڈ کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کرنی چاہیئے، اچھی ٹیموں کے ساتھ کھیل کر ہی ٹیم کی پرفارمنس کا پتہ چلے گا۔

ٹرافی کی تقریب رونمائی کے دوران قائد اعظم ٹرافی میں شریک قومی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سلمان بٹ اور محمد آصف سمیت دیگر کرکٹرز بھی اسٹیڈیم میں موجود رہے۔


متعلقہ خبریں