پی سی بی نے احمد شہزاد پر پابندی لگا دی


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد پر 4 ماہ کی پابندی عائد کردی ہے۔

شہزاد پی سی بی اینٹی ڈوپنگ قوانین کے مطابق ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد رواں سال جولائی سے معطل تھے، تاہم ان کی سزا کا تعین ہونا باقی تھا۔ شہزاد کی سزا کا اطلاق 10 جولائی سے ہو گا۔

احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ اپریل میں لیا گیا تھا، جس کی رپورٹ میں ممنوعہ نشہ آور مادے کی موجودگی پر پی سی بی نے انہیں معطل کردیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کے ڈوپ نمونے میں حشیش کی مقدار پائی گئی تھی۔

اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے بعد احمد شہزاد کو  حبیب بینک ڈپارٹمنٹ کی کپتانی سے  بھی ہٹا دیا گیا تھا۔

ڈوپ ٹیسٹ کیس میں لوث ہونے کی وجہ سے شہزاد کو قائد اعظم ٹرافی اور پاکستان سپر لیگ کے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی شامل نہیں کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے اپنے ٹوئیٹر پر رد عمل دیتے ہوئے شہزاد نے کہا کہ وہ بورڈ کی سزا کو قبول کرتے ہیں۔

انہوں نے نشہ آور ادویات کے استعمال کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ‘مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ میرے اور ساتھی کرکٹرز کے لیے سبق ہے۔’

احمد شہزاد نے  کرکٹ میں جلد واپسی کی امید ظاہر کی۔


ایڈیٹر
متعلقہ خبریں