بے گھر افراد کو گھر دینے کے منصوبے کا اعلان اگلے ہفتے ہوگا


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی جانب سے بے گھر افراد کو گھر دینے کے منصوبے کا باضابطہ اعلان اگلے ہفتے کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آئندہ ہفتے منصوبے کا باضابطہ طور پر اعلان کریں گے جو ممکنہ طور پر دس اکتوبر کو کیا جاسکتا ہے جب کہ منصوبے کی دیگر تفصیلات بھی عمران خان کی جانب سے ہی جاری کی جائیں گی اس کے علاوہ پائلٹ پراجیکٹ منصوبے کی تفصیلات بھی دی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے مرکز اور چاروں صوبوں میں اپنا گھر اتھارٹی قائم کی جائے گی جب کہ وفاق میں اپنا گھر اتھارٹی کے لیے قانون سازی ہو گی۔

وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے بعد بے گھر افراد کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوجائے گا اور بے گھر افراد نادرا کی جانب سے جاری فارم مکمل کرکے جمع کرائیں گے۔

تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے اقتدار میں آنے سے پہلے اور بعد میں بھی کئی بار بے گھر افراد کو رہائش دینے کے وعدے کیے گئے تھے جو اب تعبیر کی طرف گامزن دکھائی دے رہے ہیں، وفاقی حکومت کی جانب سے بے گھر افراد کے لیے منصوبے پر ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں