وزیر اعظم ہاؤس کے باہر احتجاج، پولیس نے مظاہرین کو گرفتار کر لیا


لاہور: وزیر اعظم ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے والے ڈی ایچ اے سٹی متاثرین کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

ڈی ایچ اے سٹی کے متاثرین نے وزیراعظم ہاؤس کے قریب زمان پارک کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے کر ریس کورس تھانے منتقل کر دیا گیا جب کہ پولیس نے مظاہرین کے پرس اور موبائل فونز قبضے میں لے لیے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی آمد کے باعث مظاہرین کو حراست میں  لینے کے احکامات ملے تھے۔

مظاہرین کی گرفتاری کے بعد اُن کے رشتے دار ریس کورس تھانے کے باہر پہنچ گئے اور حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔

مظاہرین کو کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف خود حکومت کے خلاف احتجاج اور دھرنے دیتی رہی ہے جب کہ آج ہم اپنے حق کے لیے احتجاج کر رہے ہیں تو ہمیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے مظاہرین کو مذاکرات کے بعد رہا کر دیا

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ادائیگی کے باوجود ہمیں پلاٹس نہیں دیے جا رہے ہیں۔ مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔


متعلقہ خبریں