آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستان کے نام


دبئی: اوپنرز کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نےدبئی ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا کے خلاف 255 رنز بنا لیے ہیں۔

محمد حفیظ، جو کہ ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں، نے زبردست سنچری اسکور کی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 205 رنز کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب امام الحق 76 رنز بنا کر نیتھن لیون کی گیند پر وکٹ کیپر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

نئے آنے والے بلے باز اظہر علی نے حفیظ کے ساتھ مل کراننگ آگے بڑھائی تو 222 رنز کے مجموعی اسکور پر حفیظ پیٹر سڈل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انہوں نے 126 رنز بنائے۔

دونوں سیٹ بلے بازوں کے پہ در پہ آوٹ ہونے کے بعد پاکستان ٹیم کے رنز بنانے کی رفتار سست پڑ گئی۔ اظہر علی اور نئے آنے والے بلے باز حارث سہیل نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی۔

قومی ٹیم کی تیسری وکٹ 244 رنز پر گری۔ اظہر علی 18 رنز کے ذاتی اسکور پر اسپنر ہالینڈ کی گیند پر آوٹ ہوئے۔

اس وات پہلے روز کے اختتام میں صرف 5 اوورز باقی تھے، اس لیے کپتان سرفراز احمد نے مستند بلے باز کی جگہ فاسٹ بالر محمد عباس کو بطور نائٹ واچ مین گراؤنڈ میں بھیج دیا۔

دونوں بلے بازوں نے ذمہ داری سے بلے بازی کی اور مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر کھیل کے آخر تک 255 رنز بنا لیے۔

 

 


متعلقہ خبریں