وزیراعظم: کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کی ہدایت


لاہور: وزیراعظم عمران خان نے  سرکاری اراضی پر موجود کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے یہ ہدایت صوبائی کابینہ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے دی۔

صدارتی خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ سرکاری اراضی پر موجود کچی آبادی کو ریگو لرائز کرکے رعایت دی جائے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پرائیوٹ زمینوں پر قائم کچی آبادیوں کے بارے میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیا جائے۔

انہوں نے  یقین دہانی کرائی کہ پنجاب کابینہ کی جانب سے سیکنڈ ہینڈ ٹریکٹرز امپورٹ کرنے کی تجویز وہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھیں گے۔

پنجاب کابینہ نے وزیراعظم سے سفارش کی ہے کہ وہ سیکنڈ ہینڈ ٹریکٹر امپورٹ کرنے کی اجازت دیں تو اس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔

وزیر اعظم نے پنجاب کابینہ کو بلدیاتی نظام کے نفاذ اور ہاؤسنگ پروگرام پر اعتماد میں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت بلدیاتی نظام میں موجود خامیوں کو دور کر کے نیا نظام لاے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے تاکہ مقامی لوگوں کے پاس نچلی سطح پر اقتدار ہو۔انہوں نے کہا کہ اس نظام سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہوگی اور بلدیاتی نظام میں مالی بےقاعدگیوں پر مکمل چیک ہوگا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پنجاب کابینہ اس سے متعلق بروقت قانون سازی کرے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بائی الیکشن پی ٹی آئی کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں لہٰزا بھر پورانتخابی مہم چلائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نظام میں بہتری کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے لیکن اس بات کا بھی خاص خیال رکھا جائے کہ تجاوزات کے خلاف مہم میں کسی غریب ادمی کو بے جا زحمت نہ دی جائے۔

وزیر اعظم نے ہدایات دیں کہ قبضہ مافیا کے خلاف ڈٹ کے کھڑے ہوں، وفاقی حکومت مکمل امداد فراہم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ سب کو عوام کی خدمت کے لیے بہت محنت کرنی ہے، ملک گیر صفائی اور شجرکاری مہم میں بھی صوبائی حکومت کا بھر پور ساتھ چاہیے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 100 دنوں کے پلان میں تمام اہداف کو بروقت مکمل کریں اور سرکاری عمارات و زمینوں کو مفید استعمال میں لائیں۔


متعلقہ خبریں