عمران خان کس کے محافظ بن چکے ہیں؟ مریم اورنگزیب


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دائیں بائیں دیکھیں، وہ کرپشن کی زندہ علامتوں کے محافظ بن چکے ہیں۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی پریس کانفرنس پرجاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی ملازمین کے اکاؤنٹس میں ہنڈی کے ذریعے آنے والی کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ پرعمران خان تحقیقات کیوں نہیں کراتے جس کی چار سال پہلے ہی نشاندہی ہوچکی ہے؟

انہوں نے دعویٰ کیا کہ دوستوں اور حواریوں پر مشتمل عمران خان کی کابینہ تاریخ کی کرپٹ ترین کابینہ ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چین میں آج بھی سب سے زیادہ سزائے موت کرپشن پر دی جاتی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وہ دنیا کی دوسری بڑی معاشی قوت بن چکا ہے کیونکہ اس نے معاشی پالیسیوں سے قومی آمدن بڑھائی، ڈرامہ بازی اور تماشے نہیں کیے۔

سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم پریس کانفرنس کے ذریعے اپنی کارکردگی سے عوام کی توجہ نہیں ہٹا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے نام پرغریب کے منہ سے روٹی چھینی  گئی۔

انہوں نے کہا کہ قوم انتظار میں ہے کہ کب سرمایہ واپس لوٹایا جائے گا؟

ان کا دعویٰ تھا کہ 2016  اور 2017 صرف ایک سال میں پیسکو کے بجلی نقصانات اور بلوں کی وصولی میں 48 فیصد خسارے کا سامنا رہا۔ پیسکو کو 130 ارب روپے کی بجلی ملی جس میں سے 60 ارب روپے کا مجموعی نقصان ہوا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2017 اور2018 میں خیبرپختونخوا حکومت کا کل 55 ارب روپے کا خسارہ تھا تواس کے بارے میں قوم کو کب بتائیں گے؟


متعلقہ خبریں