دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی پوزیشن مستحکم


دبئی: دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 30 رنز بنالیے ہیں۔ اوپنر عثمان خواجہ۔ 17 اور ڈیبیو کرنے والے ایرون فنچ 13 رنز بنا کرکریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل اپنی پہلی اننگ میں  پاکستان ٹیم 482 رنز بنا کر آوٹ ہوئی۔ اوپنر محمد حفیظ  اور مڈل آرڈر بیٹسمن حارث سہیل نے سنچریاں اسکور کیں۔ حفیظ (126)، حارث سہیل (108)، اسد شفیق (80) اور امام الحق 76 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سڈل نے 3 اور نیتھن لیون نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

پاکستان ٹیم کو اب بھی 452 رنز کی برتری حاصل ہے۔

دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو نائٹ واچ مین محمد عباس اور حارث سہیل کریز پر موجود تھے، تاہم عباس زیادہ دیر تک میدان میں نہ ٹہر سکے اور آسٹریلیوی بالر پیٹر سڈل کی گیند پر ایک رن کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 255 رنز بنائے تھے۔ گزشتہ روز پاکستانی اوپنرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی پہلی وکٹ 205 رنز کے مجموعی اسکور گری۔ پاکستان اوپنر امام الحق 76 رنز بنا کر نیتھن لیون کی گیند پر وکٹ کیپر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے تھے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 222 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، محمد حفیظ 126 رنز بنانے کے بعد آسٹریلوی بالر پیٹر سڈل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ نئے آنے والے کھلاڑی اظہر علی زیادہ دیر پچ پر نہ کھڑے رہ سکے اور 18 رنز بنانے کے بعد اسپنر ہالینڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان اور آسڑیلیا کے درمیان دو ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ دبئی میں کھیلا جا رہا ہے اور یہ دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 24 ویں سیریز ہے۔


متعلقہ خبریں