کراچی میں 11 سالہ طالب علم کی خودکشی

کراچی میں 11 سالہ طالب علم کی خودکشی | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: سمن آباد کے علاقے میں ساتویں کلاس کے طالب علم حبیب اللہ نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی ہے۔ خودکشی کے محرکات جاننے کے لیے پولیس نے اسکول اتنظامیہ سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

پولیس کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ کے مطابق حبیب اللہ نامی طالب علم صبح سات بج کر 30 منٹ پر اسکول پہنچا اور بیگ کلاس میں رکھ کر تیسری منزل پر چلا گیا۔

حبیب اللہ نے تیسری منزل سے چھلانگ لگائی، بجلی کی تاروں پر گرنے کے سبب طالب علم کے ہاتھ پاؤں مکمل طور پر جھلس گئے۔ بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جاںبر نہ ہوسکا۔

پولیس نے اسکول انتظامیہ کے حوالے سے بتایا کہ خودکشی کرنے والا بچہ شوگر کا مریض ہے اور اس سے پہلے بھی خودکشی کی کوشش کر چکا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اگر اسکول انتظامیہ کی غفلت یا لاپرواہی ثابت ہوئی تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ بچے کے ورثاء نے اسکول میں اس کی میڈیکل رپورٹ بھی جمع کرا رکھی ہے۔ اسکول انتظامیہ سے میڈیکل رپورٹ اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے جب کہ تدفین کے بعد ورثاء کے بیانات لیے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں