عمران خان سیاسی انتقام کے ساتھ میدان میں اتارے گئے، ترجمان بلاول

عمران خان سیاسی انتقام کے ساتھ میدان میں اتارے گئے ہیں، ترجمان بلاول | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو بڑے سیاسی انتقام کے ساتھ میدان میں اتارا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو(نیب) کو سابق صدر پرویز مشرف کے دور کی طرح استعمال کیا جارہا ہے، یہ احتساب کے نام پر انتقام ہے، احتساب کا ادارہ اگر واقعی آزاد ہوتا تو حکومتی وزیر اور مشیر لاک اپ میں ہوتے۔

ترجمان بلاول کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم آغاز میں ہی غیر مقبول ہوچکی حکومت کو سہارا دینے کے لیے ڈھونگ رچا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ویژن ہے اور نہ ان میں منشور پر عمل درآمد کی صلاحیت ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ خان صاحب کہتے ہیں مہنگائی قرضوں سے بچنے کے لیے کی ہے لیکن دوسری طرف قرضے کے لیے آئی ایم ایف کی منتیں بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لیے کی ہے اور غلط بیانی سے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا بد ترین سونامی ابھی آنا ہے۔

ترجمان بلاول نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ عمران خان اپوزیشن کے موڈ سے نکل آئیں، حزب اختلاف دھکمیوں سے مرعوب نہیں ہوگی بلکہ عوام دشمن پالیسیوں کی مزاحمت کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں