13 اکتوبر سے گرین اینڈ کلین پاکستان مہم شروع کریں گے، عمران خان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پانچ سال میں ملک بھر میں دس ارب درخت لگانا ہمارا ہدف ہے جس کے لیے 13 اکتوبر سے قومی سطح پر ’گرین اینڈ کلین‘ پاکستان مہم کا آغاز کر دیا جائے گا۔

گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر کوئی حکومت مسائل حل نہیں کر سکتی، نیا پاکستان نئی سوچ کا نام ہے، گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے سفیر بھی بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال 40 ہزار بچے صرف گندگی کی وجہ سے فوت ہو جاتے ہیں اس لیے ہم نے اپنے بچوں کو ماحولیات اور صفائی سے آگاہ کرنا ہے، ہم بچوں کو بتائیں گے کہ ملک کو صاف رکھنا کتنا ضروری ہے، اس کے لیے بچوں کے نصاب میں صفائی کے مضامین بھی شامل کیے جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر میں پانی ری سائیکل کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں ایسا کوئی نظام موجود نہیں ہے، اگر ہم سب عزم کر لیں تو سب کچھ ٹھیک ہوسکتا ہے کیونکہ گھر کے علاوہ ارد گرد کا ماحول صاف رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ بھارت نے چار سال میں گندگی کے مسائل پرقابو پایا ہے۔

وزیر اعظم نے  کہا کہ ہمارے ملک میں صرف 42 فیصد لوگوں کو ٹوائلٹ کی سہولت میسر ہے۔ 2023 تک اس مسئلے پر بھی قابو پالیا جائے گا، پیٹرول پمپس مالکان کو بھی ٹوائلٹ صاف کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچرے سے بجلی بنائی جا سکتی ہے اس پر بھی ہم کام کریں گے۔ ہم اپنے ملک کو صاف اورسرسبز بنائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تاریخ پڑھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ مسلمان صفائی پسند تھے۔ بدقسمتی سے مسلمانوں کی روایات کو یورپ نے اپنا لیا ہے وہاں جائیں تو ہر طرف صفائی نظر آتی ہے۔


متعلقہ خبریں