شریف خاندان کے خلاف مقدمات پی ٹی آئی نے نہیں بنائے، شہزاد اکبر


اسلام آباد: بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف عمران خان یا تحریک انصاف نے مقدمات نہیں بنائے، یہ مقدمات ان کے اپنے دور میں ہی بنائے گئے تھے۔

ہم نیوز کے پروگرام ‘ندیم ملک لائیو’ میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ روکنے میں بہت زیادہ رکاوٹیں تھیں، کچھ چیزوں پر کام ہو رہا ہے جن میں سے ایک اہم معاملہ اس پیسے کو روکنا ہے جو ملک سے باہر جا رہا ہے۔

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ خود کو بیمار کہتے ہیں لیکن جس تیز رفتاری سے وہ چلتے نظر آتے ہیں اتنا تیز تو میں بھی نہیں چل پاتا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایک بندے کی تنخواہ اگر 35 ہزار ہے اور اس کے اکاؤنٹ میں 5 کروڑ روپے منتقل ہوتے ہیں تو بینک والوں کو پوچھنا پڑے گا کہ ایسا کیوں اور کیسے ہوا، ایسے معاملات کی ٹھیک طریقے سے تحقیات ہونا لازمی ہے۔

پروگرام میں موجود شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ احتساب ہر کسی کا ہونا چاہیے اور اس میں کسی جماعت کی تفریق نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی مسائل اس لیے بن رہے ہیں کیونکہ صرف ایک خاندان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جب ایک ایک کر کے ہر غلط کو سزا ملے گی تو حالات بہتر ہو جائیں گے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اگر شہباز شریف نے کرپشن کی ہے تو پھر ان کی گرفتاری پر کسی کو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے لیکن اگر وہ بے گناہ ہو کر باہر آ جاتے ہیں تویہ تحریک انصاف کے لیے بہت برا ہو گا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا افضل نے کہا کہ  یہ سب کچھ 14 تاریخ کے بعد بھی ہو سکتا تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف  نے جان بوجھ کر جلد بازی کی ہے تا کہ ضمنی انتخابات پر اثرانداز ہوا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری صرف سیاسی انتقام ہے۔ پاکستان میں کرپشن کے نام پر چار مارشل لا لگائے گئے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وہی کرے جتنا بعد میں برداشت بھی کر سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ضمانت ہر باہر آ گئے، جس طرح نیب نے شہباز شریف پر ہاتھ ڈالا ہے وہ بھی باہر آ جائیں گے۔

نبیل گبول نے کہا کہ پی ٹی آئی منی لانڈرنگ کے خلاف قوانین لانے کی بات کرتی ہے حالانکہ یہ قوانین پہلے سے ہی موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں