کراچی: تھانوں میں ایف آئی آرز کاکمپیوٹر پہ اندراج ہوگا


کراچی: شہرقاد میں پولیس نے پتھر کے دور کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے تمام تھانوں میں ایف آئی آرز کمپیوٹر کے ذریعے درج کرنے  کے عمل کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے سے تمام تھانوں میں مقدمات کا اندراج کمپیوٹرائز کردیا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق ایک ہفتے بعد شہریوں کو ہاتھ سے لکھی ہوئی ایف آئی آر فراہم کرنے کا سلسلہ بند کر دیا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق یہ بات کراچی پولیس چیف نے تمام تھانوں کے کمپیوٹر ڈیٹا انٹری آپریٹرز کے ریفریشر کورس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں کراچی کے تھانوں کے ڈیٹا انٹری آپریٹرز، ڈسٹرکٹس اور زونل فوکل پرسنزنے شرکت کی۔

ہم نیوز کے مطابق ڈائریکٹر آئی ٹی تبسم عباسی نے تمام آپریٹرز کو مجموعی پروگرام کے حوالے سے ریفریشر بریفنگ دی۔ پروگرام کے انچارج ایس ایس پی ایسٹ نے پروگرام کی افادیت کے حوالے سے آپریٹرز کو آگاہی دی۔

ایس ایس پی ایسٹ جہانزیب نے بحیثیت پروگرام سپروائزر آپریٹرز کو ایک ماہ کا چلینج ٹائم بھی دیا۔

ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے واضح کیا کہ ایس ایس پی کو پنجاب میں ایف آئی آر کمپیوٹرائزڈ کرنے کے کام کا تجربہ ہے اسی بنیاد پر انہیں نگرانی دی گئی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی نے اعلان کیا کہ ایک ماہ بعد ڈیٹا انٹری آپریٹر کو کارکردگی کی بنیاد پر انعامات سے نوازا جائے گا لیکن نااہلی پر سزا بھی ملے گی۔

ہم نیوز کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے تھانوں سے متعلق تمام رجسٹرز کے بارے میں بھی ڈیٹا آپریٹر سے سوالات کیے اورکہا کہ موجودہ جدید دور میں دنیا مٹھی میں سمٹ چکی ہے لہذا پولیس اہلکار بھی اپنا کردار ادا کریں۔


متعلقہ خبریں