وزیراعظم کی گلگت بلتستان حکومت کی کارکردگی کی تعریف


گلگت: وزیراعظم پاکستان نے گلگت بلتستان حکومت کی کارکردگی کو سراہا اور صوبے میں پائیدار امن کی تعریف کی۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی ہے، یہ ملاقات خوشگوار موڈ میں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں وزیر اعلی گلگت بلتستان نے گندم کی سبسڈی سمیت دیامر ڈیم کے متاثرین کے مسائل وزیر اعظم کے سامنے رکھے۔

فیض اللہ فراق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے انہیں فیڈرل پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت چلنے والے منصوبوں کی فنڈنگ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعظم نے سی پیک منصوبے اور دیگر اہم امور میں گلگت بلتستان کو اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرائی۔

چند روز قبل وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے شکوہ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان انہیں ملاقات کے لیے وقت نہیں دے رہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے ہم نے رابطہ کیا، انہوں نے کل کا دن ہمارے لیے مختص بھی کیا لیکن رات گیارہ بجے بتایا گیا کہ ملاقات منسوخ ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں