عالمی برادری مسئلہ کشمیر کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، پاکستان

عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، پاکستانی مندوب | urduhumnews.wpengine.com

 نیویارک/اسلام آباد: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ کشمیریوں کی تکالیف کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی رپورٹ پر مباحثے کے دوران تقریر کرتے ہوئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بات چیت کی پیش کش کی تھی لیکن ہمسایہ ملک نے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے سے ہی انکار کر دیا۔

70 برس سے انسانی المیوں کو جنم دینے والے مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی بہت پرانی ذمہ داری ہے اور یہ مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانا ہے۔

پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی جون میں شائع رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے عالمی برادری کو بتایا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اپنی تقریر میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج نے پاک سر زمین سے دہشت گرد گروپوں کا صفایا کیا ہے اور اس کے لیے ملک نے بھاری قیمت ادا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو ہزاروں جانوں کا نقصان اٹھانا پڑا لیکن ہمارا عزم متزلزل نہیں ہوا۔ پاکستانی مندوب نے سیکرٹری جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پیدائشی طور پر کوئی بھی دہشت گرد نہیں ہوتا اور نہ دہشت گردی کا دفاع کیا جاسکتا ہے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ طویل المدت حل طلب معاملات، لاقانونیت، سماجی اور معاشی پابندیاں تباہ کن مسائل پیدا کرنے میں اہم کرادار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ہی وہ پلیٹ فارم ہے جس کا حصہ ہونے کی حیثیت ایسے مسائل حل کر سکتے ہیں جو اکیلے میں نہیں کیے جاسکتے۔

پاکستان مندوب نے خطاب کے اختتام میں کہا ہے مل کر مسائل کا حل تلاش کرنا کوئی اختیاری صورت نہیں بلکہ واحد راستہ ہے۔


متعلقہ خبریں