اسلام آباد ایئرپورٹ پر کنیکٹ برج گرنے سے ایک شخص زخمی


اسلام آباد: نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر جہاز سے منسلک کنیکٹ برج گرنے سے برج آپریٹر شدید زخمی ہوگیا۔

پیر کی صبح اسلام آباد ایئرپورٹ پر گلف ایئر کی پرواز جی ایف 771 برج سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے کنیکٹ برج نیچے گر گیا۔

مسافروں کو جہاز تک پہنچانے کے لیے گرنے والے برج کو اُٹھانے کے لیے امدادی ٹیموں کو طلب کر لیا گیا جب کہ برج گرنے سے پروازوں میں کچھ دیر کے لیے تاخیر بھی ہوئی۔

کنیکٹ برج گرنے سے زخمی ہونے والے آپریٹر مدثر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم ڈاکٹروں کے مطابق مدثر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر برج کی بحالی کا کام شروع کر دیا۔

پیر کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت کے باعث اربوں روپے کی مالیت سے تعمیر ہونے والے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں بارش کا پانی داخل ہوگیا تھا جس کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ دنوں ایئرپورٹ کے مسافر لاؤنج میں آوارہ کتے داخل ہوگئے تھے۔ ہم نیوز کی خبر کے نتیجے میں معاملے پر ایکشن لیا گیا تھا۔

ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا نوٹس

دوسری جانب ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی حسن بیگ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقیات کیلئے انکوائری کمیٹی بنادی۔

حسن بیگ نے ہدایت دی کہ انکوائری کمیٹی 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے۔


متعلقہ خبریں