’آئی ایم ایف نہیں جاؤں گی‘، سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ


اسلام آباد: ملکی معاملات چلانے کے لیے کسی سے قرضہ نہ مانگنے کے دعویدار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کیا تو سوشل میڈیا صارفین کو نیا موضوع مل گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے آئی ایم ایف سے مذاکرات شروع کرنے کا اعلان سوشل میڈیا پر “میں آئی ایم ایف نہیں جاؤں گی”  کے نام سے ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

حکومت کی جانب سے اعلان سامنے آنے کے بعد صارفین نے سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے اور تجزیے پیش کیے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے وزیر اعظم کو آئی ایم ایف کے حوالے سے ان کا پرانا بیان یاد دلایا، سابق وفاقی وزیر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ وزیر اعظم صاحب آپ کی کم علمی، جاہلانہ گفتگو اور اقتدار کی اندھی ہوس آپ کا تعاقب کرے گی اگر کینسر کا علاج ڈسپرین سے ہو سکتا ہے تو آپکو چندہ مانگنے کی ضرورت نہیں رہی۔

ابوذر نامی ایک صارف نے پی ٹی آئی حکومت کو مدر آف یو ٹرن قرار دے دیا۔

حکومتی اقدام سے دلبرداشتہ ایک نوجوان نے لکھا کہ کپتان بھی میچ فکسنگ میں ملوث نکلا۔

ٹوئٹر صارف بلال وہرا وزیراعظم عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھتے ہیں کہ عوام اسٹاک ایکسچینج کی صورتحال سے پریشان نہ ہوں ۔۔ ٹی وی بند رکھیں خود کو ڈپریشن سے دور رکھیں۔

 

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ماضی میں قرض نہ لینے اور اس مقصد کے لیے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے اعلان کرتی رہی تھی تاہم دو روز قبل لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف سے رجوع کر سکتی ہے۔

دوسری جانب وزیر خزانہ اسد عمر انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے اجلاس میں شرکت کے لیے انڈونیشیا روانہ ہو گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں