گوگل پلس کو بند کرنے کا فیصلہ

گوگل پلس کو بند کرنے کا فیصلہ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: انسانی تاریخ کے معلومات کے سب سے بڑے ذخیرے اور تلاش کے لیے دنیا بھر میں مقبول سرچ انجن گوگل نے کہا ہے کہ وہ اپنی سماجی رابطوں کی سروس گوگل پلس کو بند کر دے گا۔

سرچ انجن کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ مارچ 2018 میں پانچ لاکھ گوگل پلس صارفین کی معلومات افشا ہو گئی تھیں لیکن کمپنی نے صارفین کو آگاہ نہیں کیا کیونکہ اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی کہ معلومات چوری ہوئی ہیں یا نہیں۔ کمپنی کے ڈیٹا پروٹیکشن آفس نے بھی فیصلہ کیا تھا کہ صارفین کو بتانا قانونی طور پر ضروری نہیں۔

گوگل کی جانب سے خاموشی کیلیفورنیا اور یورپ میں بننے والے نئے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ان قوانین کے مطابق کمپنی اس بات کی پابند ہے کہ وہ اپنے صارفین کو معلومات چوری ہونے سے متعلق فوری آگاہ کرے۔

اطلاعات کے مطابق دوسری کمپنیوں کی تیار کردہ 438 سے زائد ایپلی کیشنز نے صارفین کی معلومات تک رسائی حاصل کی ہے۔ قیمتی معلومات تک ’’ ایپلی کیشن پروگرامنگ انٹرفیس‘‘ نامی کوڈنگ لنک سے ممکن ہوئی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ افشا ہونے والی معلومات میں صارفین کا نام، ای میل ایڈریس، عہدہ، صنف اور عمر شامل ہیں تاہم ٹیلی فون نمبرز، پیغامات اور گوگل کے دیگر اکاؤنٹس کا ڈیٹا محفوظ رہا ہے۔ گوگل پلس فیس بک طرز کی ایک ویب سائٹ ہے جسے 2011 میں لانچ کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں