حکومت نے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا ہے، مصطفیٰ نواز کھوکھر

مصطفیٰ نواز کھوکھر

اسلام آباد: بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ 100 دنوں میں تقدیر بدلنے کے دعویداروں نے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسی تبدیلی ہے کہ جس میں وزیراعظم نے چندہ مہم کی ناکامی کے بعد مہنگائی مہم چلائی اور اب قرضہ مہم پر نکل پڑے ہیں، اس تبدیلی کے آتے ہی ڈالر کو پر لگ گئے ہیں۔

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ معاشی پالیسی سے ناواقف حکمرانوں نے پہلے دو ماہ میں ہی معیشت کا کباڑہ کر دیا ہے۔ پہلے 100 دنوں میں سرمایہ کاروں کے ڈھائی سو ارب رپے ڈوب چکے ہیں۔

مصفطیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومت اب آئی ایم ایف کے پاس کیوں جا رہی ہے، یہ وہی وزیراعظم ہیں جو کہتے تھے کہ قرض لینے سے موت بہتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں نے ہر چیز مہنگی کر دی ہے، روٹی بھی پچیس فیصد سے زیادہ مہنگی ہو چکی ہے، تشویشناک امر یہ ہے کہ ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے والے دوست ممالک بھی امداد دینے کو تیار نہیں۔

ترجمان بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنی معاشی پالیسی کی وضاحت کرنی چاہیے۔


متعلقہ خبریں