بے گھر افراد کے لیے کل اہم اعلان ہو گا


لاہور: وزیراعظم عمران خان کل ’ہاؤسنگ ٹاسک فورس‘ کے اجلاس کے بعد ‘میرا گھر’ منصوبے کے پائلٹ پراجیکٹ کا اعلان کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اقتدار میں آنے سے پہلے اور بعد میں بھی کئی مرتبہ بے گھر افراد کو رہائش دینے کے وعدے کیے گئے تھے جو اب شرمندہ تعبیر ہونے کی طرف گامزن ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بے گھر افراد کے لیے منصوبے پر ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس فیصلے کے تحت صوبائی حکومتوں کی رضامندی سے پراجیکٹ کے لیے ایک ایک ضلع کا انتخاب کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے مرکزاور چاروں صوبوں میں ‘میرا گھر’ اتھارٹی قائم کی جائے گی جب کہ وفاق میں اس اتھارٹی کے لیے قانون سازی ہو گی۔

وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے بعد بے گھر افراد کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو جائے گا اور بے گھر افراد نادرا کی جانب سے جاری فارم مکمل کر کے جمع کرائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق اس پراجیکٹ کے لیے رجسٹریشن فارمز جلد جاری کیے جائیں گے۔  یہ فارمز نادرا کی مدد سے تیار کیے جائیں گے جو معمولی قیمت پر مخصوص بینکوں سے حاصل کیے جا سکیں گے۔


متعلقہ خبریں