وزیراعلیٰ پنجاب سیکرٹریٹ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا

کورونا وائرس: وزیر اعلیٰ پنجاب نے سخت ہدایات جاری کر دیں

فوٹو: فائل


لاہور: وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ 8- کلب پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔ پنجاب سیکرٹریٹ میں این اے-131 پہ ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے باقاعدہ اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کی جس میں پارٹی کی صوبائی قیادت بھی موجود تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہارکیا کہ این اے- 131 میں ہر صورت ہمایوں اختر کو جتوانا ہو گا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے دوران ضمنی انتخابات میں کامیابی کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔

سیاسی مبصرین کے خیال میں چونکہ حلقہ این اے-131 پہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بحیثیت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کامیابی حاصل کی تھی اس لیے پی ٹی آئی قیادت اورسینئر رہنما سمجھتے ہیں کہ یہ نشست ضمنی انتخاب میں دوبارہ جیتنا لازمی ہے وگرنہ سابقہ جیت کے حوالے سے الزام تراشی کا ایک سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

پاکستان میں جب پی پی پی کی حکومت تھی تو اس وقت صدرآصف علی زرداری پر حزب اختلاف کی جانب سے سخت تنقید کی گئی تھی کہ وہ  ایوان صدر کو سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنائے ہوئے ہیں۔

انتخابی قواعد و ضوابط کے مطابق امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلانے میں سرکاری وسائل اوراختیارات کا استعمال نہیں کیا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں