ن لیگ کی پی پی پی کو اجلاس میں شرکت کی دعوت


اسلام آباد: سابق اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان پیپلزپارٹی کو کل پارلیمنٹ کے باہر بلائے گئے علامتی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں سابق  قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق نے فون کیا اوراجلاس میں شرکت کے لیے کہا۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وہ اس ضمن میں پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد ہی جواب دے سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ علامتی اجلاس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بھی پارٹی قیادت کے مشورے سے ہوگا۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کا علامتی اجلاس گیارہ اکتوبر کو بلالیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر ایک پر بلائے جانے والے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی گرفتاری پر بحث کی جائے گی۔

اپوزیشن نے موجودہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بدھ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اسپیکر کی جانب سے اجلاس نہ بلائے جانے پر علامتی اجلاس بلایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں