پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں287.25 پوائنٹس کا اضافہ

October 10, 2018

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ جاری رہا، کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ 287.25 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 38792.09  کی سطح پر بند ہوئی۔

بازارحصص میں کاروبار کی ابتداء مثبت ہوئی۔ گزشتہ روز کے مثبت رجحان کو برقرار رکھنے  والے بازار حصص کے 100 انڈیکس میں 115 پوائنٹس تک کا اضافہ ہوا  تاہم اس کے بعد مارکیٹ میں مندی کا رجحان شروع ہو گیا۔

اشاریہ منفی زون میں جانے کے بعد ایک وقت میں انڈیکس 278 پوائنٹس کمی کے ساتھ 38 ہزار 226 کی سطح تک آیا۔ اس مرحلہ پر مارکیٹ میں کچھ ریکوری ہوئی لیکن یہ دیرپا ثابت نہیں ہو سکی اور مندی عالب آ گئی۔  ٹریڈنگ کے دوران ایک وقت میں مارکیٹ میں 610 پوائنٹس تک کی کمی بھی ہوئی۔

دن بارہ بجے کے بعد بازار حصص ایک بار پھر مثبت زون میں داخل ہوا،  کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ 287.25 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 38792.09  کی سطح پر بند ہوئی ۔

منگل کے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 606 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ بازار حصص کاروبار کے اختتام پر 38 ہزار 504 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

گزشتہ روزبازار حصص میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ایک گھنٹے کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1100 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔ گزشتہ کئی روز سے مندی کا شکار مارکیٹ میں تیزی کے باعث مایوس کاروباری حضرات میں امید کی کرن پیدا ہوئی۔

پیر کو کاروباری ہفتہ کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار شدید متاثر رہا، 100 انڈیکس میں 1328 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی تھِی۔ کاروبار کے آغاز پر 39 ہزار 262 پر ٹریڈ کرنے والا 100 انڈیکس مارکیٹ کے اختتام پر 37 ہزار 898 تک گر گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز